اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی نامور شخصیت اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن مولانا ڈاکٹر کلب صادق کے انتقال پر آیت اللہ "محمد حسن اختری" نے تعزیتی پیغام دیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی مجلس اعلیٰ کے سربراہ کا پیغام کچھ یوں ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله و آنا الیه راجعون
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن، لکھنو کے سابق امام جمعہ اور ہندوستان کے معروف خطیب مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی کا جانسوز سانحہ ارتحال بے حد غم و اندوہ کا سبب بنا۔
مرحوم مغفور ڈاکٹر کلب صادق انقلاب اسلامی اور مزاحمتی محاذ کے نمایاں حامی، وحدت کے منادی اور ہندوستان میں پیروان اہل بیت(ع) و عوام کے غمگسار تھے۔ آپ علمی مراتب کے مالک اور اخلاقی خوبیوں سے متخلق تھے نیز اس ملک کے شیعہ معاشرے کے ان بزرگان میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے سالہا سال علمی، دینی اور ثقافتی خدمتیں انجام دیں اور جوانوں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بہترین تعلیمی مراکز کی بنیاد رکھی۔
امت مسلمہ اور دیگر مذاہب کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کی راہ میں اس جانثار عالم دین نے کوئی لمحہ فروگذاشت نہیں کیا۔
میں اپنی جانب سے اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی مجلس اعلیٰ کے تمام معزز اراکین کی جانب سے اس عظیم نقصان پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا فداہ، ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای (مد طلہ العالی)، علمائے کرام، حوزات علمیہ اور مرحوم کے جملہ اہل خانہ کو تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہ رب العزت سے مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کرتا ہوں۔
عاش سعیدا و مات سعیدا
محمد حسن اختری
سربراہ مجلس اعلیٰ اہل بیت (س) عالمی اسمبلی
و سربراہ عاشورا بین الاقوامی فاؤنڈیشن
...................
242